بھونیشور،18؍جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)اڑیسہ کے وزیراعلیٰ نوین پٹنائک نے اعلان کیا کہ ان کی پارٹی نائب صدر انتخابات میں حزب اختلاف کے امیدوارگوپال کرشن گاندھی کی حمایت کرے گی۔علاقائی پارٹی نے پیر کو ہوئے صدارتی انتخابات میں این ڈی اے کے امیدوار رام ناتھ کووند کی حمایت کی تھی۔اگرچہ اس بار پٹنائک نے اپوزیشن کے ساتھ جانے کا فیصلہ کیاہے۔بیجوجنتا دل صدر نے صحافیوں سے کہاکہ بیجو جنتا دل گوپا ل کرشن گاندھی کی حمایت کریں گے۔بیجوجنتا دل کے پارلیمانی پارٹی کے ترجمان کلکیش سہدیو نے کہاکہ 'پٹنائک نے ثابت کر دیا ہے کہ بی جے ڈی، کانگریس اور بی جے پی دونوں سے برابر فاصلے بنائے ہوئے ہے۔پٹنائک نے سال 2012میں کہاتھاکہ گاندھی ایک پرانے اور اہم دوست ہیں۔میرے سیاست میں آنے سے پہلے سے ہم دوست ہیں۔سابق سفارتکار اور بابائے قوم مہاتما گاندھی کے پوتے گوپا کرشن گاندھی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے نائب صدر کے عہدے کے امیدوار ہیں۔غور طلب ہے کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی کی قیادت میں پارلیمنٹ ہاؤس لائبریری بلڈنگ میں ہوئی اپوزیشن پارٹیوں کے اجلاس کے بعد گوپال کرشن گاندھی کے نام کا اعلان کیا گیا تھا۔وہیں این ڈی اے کی جانب سے نائب صدر کے عہدے کے امیدوار وینکیا نائیڈوہیں۔